گوجرہ( کیو این این ولڈ/نامہ نگار عبد الرحمن جٹ ) بھوآنہ اور اس کے گردونواح میں آنے والی طوفانی ہواؤں اور تیز آندھی نے ہر طرف شدید تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھوآنہ کے نواحی گاؤں 241 ج ب منگوانہ کے رہائشی زمینداروں میاں تیمور اصغر ولد میاں ثناء اللّٰہ ہنجرا اور میاں برخوردار ولد میاں عطا اللہ ہنجرا نے اپنی اراضی کو سیراب کرنے کے لیے لاکھوں روپے کی لاگت سے سولر سسٹم پر موٹریں لگا رکھی تھیں، جو رات کو آنے والے شدید طوفان کی زد میں آ کر مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔
سولر پلیٹس کے بری طرح ٹوٹنے کی وجہ سے ٹیوب ویل بند ہو گئے ہیں، جس کے باعث زمینداروں کی کھڑی فصلات کو پانی نہ لگنے سے اب ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی حالیہ بے وقت کی بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی پکی پکائی فصل کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کی وجہ سے کاشتکار پہلے ہی مالی بحران اور شدید پریشانی کا شکار تھے۔ اب اچانک آنے والے اس طوفان کے باعث قیمتی سولر پلیٹس کی تباہی نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ متاثرہ زمینداروں نے حکومت سے امداد کا مطالبہ کیا ہے۔