ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار سید محمد عبداللہ مجاہد) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ننکانہ سٹی کے مختلف پبلک پارکس کا دورہ کیا اور جاری تزئین و آرائش و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بہتر تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک پارکس کی خوبصورتی اور بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف پارکس میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے منصوبوں پر کام کے معیار، رفتار اور شفافیت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ تمام پبلک پارکس کی ازسرِنو بحالی کا عمل تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال سمیت پی ایچ اے، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔