فیصل آباد کارڈیالوجی میں طبی غفلت، آپریشن کے بعد مریض کے سینے سے قینچی برآمد

فیصل آباد (کیو این این ورلڈ) فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی غفلت کا انتہائی لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اوپن ہارٹ سرجری کے دوران عملے نے مبینہ لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریض کے سینے میں قینچی چھوڑ دی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ مریض ثقلین آپریشن کے بعد تین ہفتوں تک شدید تکلیف میں مبتلا رہا، جس کے بعد دوبارہ سرجری کر کے اس کے جسم سے قینچی نکال لی گئی۔

ایم ایس کارڈیالوجی ڈاکٹر ندیم کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں اسٹاف نرسز کی سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جنہوں نے آپریشن مکمل ہونے کے بعد طبی آلات کی گنتی پوری کرنے کی بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ اس خطرناک غلطی کے باعث مریض کی زندگی داؤ پر لگ گئی تھی، تاہم اب دوبارہ آپریشن کے ذریعے آلہ نکال کر مریض کی جان بچائی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غفلت کی مرتکب دونوں اسٹاف نرسز کی خدمات فوری طور پر اسپتال سے واپس لے لی گئی ہیں اور ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کے لیے سیکرٹری صحت کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حساس طبی معاملات میں کوتاہی برتنے والوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے