بیجنگ(کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر چینی نائب صدر ہان ژینگ نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چین میں امریکی سفیر، امریکا میں چینی سفیر اور چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ ما ژاؤشو بھی موجود تھے۔
امریکی صدر کے استقبال کے لیے تقریباً 300 چینی نوجوان بھی موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میں امریکی اور چینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
صدر ٹرمپ کے ہمراہ ان کے اہل خانہ اور وفد کے دیگر اہم افراد بھی موجود تھے جن میں ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ، بہو لارا ٹرمپ اور امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی شامل ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق اپنے دورے کے دوران امریکی صدر چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی تعلقات، عالمی تجارت اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ایران جنگ پر تفصیلی بات کریں گے اور چین کو امریکی منڈیوں کے لیے کھولنے پر بھی زور دیں گے۔
اس حوالے سے چیئرمین پاک چین انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس میں اہم اور ٹھوس فیصلے متوقع ہیں۔ ان کے مطابق امریکا ٹیرف اور تجارتی معاملات بھی اٹھا سکتا ہے جبکہ چین کی بنیادی توجہ اقتصادی معاملات پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران جنگ سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ چین اور پاکستان کا مؤقف ہے کہ صرف سیزفائر نہیں بلکہ جنگ کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق دورہ چین کے بعد ایران اور خطے کی صورتحال میں مثبت پیشرفت کی امید کی جا رہی ہے۔