ہلال امتیاز، نشان امتیاز اور ہلال شجاعت سمیت مختلف قومی اعزازات تقسیم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) ایوان صدر میں مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی اور نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں قومی اعزازات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔

توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور خدمات پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ خدمات عامہ اور نجکاری کے شعبے میں کردار پر مشیر نجکاری محمد علی کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا۔

کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات پر کرکٹر شاہد آفریدی کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ کوہ پیمائی کے شعبے میں کارکردگی پر شہروز کاشف کے لیے ہلال امتیاز کا اعزاز ان کی والدہ نے وصول کیا۔

بحرین کے سفارتکار محمد ابراہیم محمد عبدالقادر کو ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔

جمہوریت کے فروغ کے لیے خدمات پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشان امتیاز دیا گیا جبکہ ادب کے شعبے میں خدمات پر عطاالحق قاسمی کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ اسی طرح ادب اور خدمات عامہ کے شعبے میں عرفان الحق صدیقی مرحوم کو بھی نشان امتیاز دیا گیا۔

ادب کے شعبے میں خدمات پر اصغر ندیم سید کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں سپاہی اظہر محمود، شہید سپاہی شاہ ولی خان، اے ایس آئی اعجاز خان شہید، کانسٹیبل عالم زیب شہید، کانسٹیبل حفیظ اللہ، لیاقت علی شہید، نواب علی شہید، سینیٹر ہدایت اللہ شہید، اے ایس آئی محمد اکرم شہید اور سب انسپکٹر تاج میر شہید سمیت متعدد اہلکاروں کو ہلال شجاعت اور ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔

تقریب میں ملک کی ترقی، خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے