واربرٹن: نادرا موبائل سروس معطل، فیول کی عدم دستیابی کا مؤقف سامنے آگیا

واربرٹن(کیو این این ورلڈ/عبدالغفار چوہدری) حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جبکہ واربرٹن اور گردونواح میں نادرا موبائل وین کی آمد معطل ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق پہلے نادرا موبائل وین ماہانہ بنیادوں پر علاقے کا دورہ کرتی تھی جس سے بزرگوں، خواتین اور دور دراز دیہات کے رہائشیوں کو شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کروانے میں آسانی رہتی تھی، تاہم اب یہ سہولت بھی بند کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نادرا عملے کا موقف ہے کہ موبائل وینز کو فیلڈ میں بھیجنے کیلئے درکار فیول فراہم نہیں کیا جا رہا جس کے باعث آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومتی نمائندوں کی شاہ خرچیاں اور مراعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔

عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ غریب شہری شناختی کارڈ جیسی بنیادی ضرورت کیلئے بھی دربدر ہونے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر یا بڑے شہروں میں قائم نادرا دفاتر تک جانا دہاڑی دار طبقے، بزرگوں اور معذور افراد کیلئے مالی اور جسمانی طور پر انتہائی مشکل ہے۔

شہریوں کے مطابق نادرا موبائل وین کی بندش سے نئے شناختی کارڈز کے اجرا اور پرانے کارڈز کی تجدید کا عمل تقریباً رک چکا ہے، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واربرٹن میں نادرا موبائل وین کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے اور فیول کی عدم فراہمی کے بہانے عوام کو بنیادی سہولت سے محروم رکھنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے