اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)تحصیل دیپالپور کے علاقے بصیر پور میں واقع ہیڈ گلشیر راجوال لنک نہر میں گزشتہ روز گرنے والی کار اور اس میں سوار 3 افراد کی نعشیں ریسکیو 1122 نے طویل سرچ آپریشن کے بعد نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیں، جبکہ کار میں موجود 12 سالہ بچہ مونم رسول معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی میں مجموعی طور پر 4 افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں 30 ریسکیورز، 8 غوطہ خوروں اور 4 کشتیوں نے حصہ لیا جبکہ گوجرانوالہ واٹر ریسکیو ٹیم نے بھی سرچنگ میں معاونت فراہم کی۔ سرچ آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کی۔
ریسکیو ٹیموں نے سکوبا سرچنگ، پلنجر سرچنگ، سونار ریڈار سرچنگ، بانسوں کے ذریعے تلاش اور 150 فٹ لمبی تار کے ساتھ 20 کلو وزنی سویپنگ ٹیکنیک استعمال کرتے ہوئے نہر میں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا۔
وائر سرچنگ ٹیکنیک کے دوران تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر گاڑی کا سراغ ملا، جس کے بعد سکوبا ڈرائیورز نے رسوں کی مدد سے کار کو نہر سے باہر نکالا۔ بعدازاں تینوں نعشوں کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔