گوجرانوالہ:آپریشن بنیان المرصوص قومی اتحاد اور دفاع وطن کی علامت قرار

گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف)سینیئر صحافی محمد رمضان نوشاہی نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان المرصوص” قومی اتحاد، استحکام اور دفاعِ وطن کے عزم کی روشن علامت ہے۔ ایک سال قبل پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن بھارت کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے تھے اور آج بھی پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر کسی نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پوری قوم اور مسلح افواج متحد ہو کر ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔

محمد رمضان نوشاہی نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیں اور ملکی ترقی و استحکام میں مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ دشمن پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے مگر قوم کے اتحاد اور افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث دشمن کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ دشمن کو یہ واضح پیغام دینا ضروری ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے