واربرٹن(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی عظیم الشان کامیابی اور اس تاریخی معرکے کو ایک سال مکمل ہونے پر واربرٹن میں مسلح افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہنے کیلئے انجمن تاجران واربرٹن کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور محبانِ وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاک افواج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا ماحول ملی جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواجِ پاکستان اور وطن کے تمام مجاہدین کو ان کی بے مثال شجاعت، جرات اور قربانیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن شکست دینا پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے پوری قوم اور افواج ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “بنیان المرصوص” کی کامیابی دراصل قومی اتحاد، یکجہتی اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ ایسی تقریبات کا مقصد نئی نسل کو اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں سے روشناس کروانا اور وطنِ عزیز کی دفاعی مضبوطی کا جشن منانا ہے۔