بنیان المرصوص کی فتح کا ایک سال: پاک آرمی لورز موومنٹ کا افواج کو خراج تحسین

لاہور (کیو این این ورلڈ)پاک آرمی لورز موومنٹ کے زیر اہتمام لاہور میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معرکہ حق بنیان المرصوص کی فتح مبین کو ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب کی قیادت چیئرمین پاک آرمی لورز موومنٹ جان محمد رمضان اور مرکزی صدر رانا شہزادہ الطاف نے کی۔

تقریب کے شرکاء نے ملک و قوم کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا بالخصوص فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی قیادت اور بصیرت کو سلام پیش کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی دشمن کے ناپاک عزائم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس خوشی کے موقع پر معرکہ حق بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے ایک خصوصی کیک بھی کاٹا گیا جس میں چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی سینئر ایڈووکیٹ رانا محمد اشرف خاں نے بطور خاص شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن عزیز کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور افواج پاکستان کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں پاک آرمی لورز موومنٹ کے عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے