آپریشن بنیان المرصوص پر تحریری مقابلے کے نتائج کا اعلان

کیو این این ورلڈ کے زیراہتمام “آپریشن بنیان المرصوص” پر تحریری مقابلے کے نتائج کا اعلان

کیو این این ورلڈ کے زیرِ اہتمام “آپریشن بنیان المرصوص اور پاک افواج کی کامیابیاں” کے موضوع پر منعقدہ تحریری مقابلے کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ مقابلے میں ملک بھر سے قلمکاروں، طلبہ، نوجوان لکھاریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

منتظمین کے مطابق مقابلے کے لیے مجموعی طور پر 47 تحریریں موصول ہوئیں، تاہم جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بیشتر تحریریں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کی گئی تھیں یا مقابلے کے طے شدہ قواعد و ضوابط پر پوری نہیں اتر سکیں، جس کے باعث انہیں مقابلے سے خارج کرنا پڑا۔

منتظمین نے اس صورتحال کو ایک لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی یقیناً عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے، تاہم نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو صرف سہولت اور رہنمائی کے طور پر استعمال کرے، نہ کہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا متبادل بنائے۔ بیان میں کہا گیا کہ نوجوان اگر جدید ٹیکنالوجی کو مثبت انداز میں استعمال کریں تو وہ اپنی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکتے ہیں، مگر موصول ہونے والی کئی تحریروں میں اصل تخلیقی روح اور فکری جدت نمایاں نہ ہو سکی۔

جیوری کی جانب سے جانچ کے بعد جن تحریروں کو قابلِ اشاعت قرار دیا گیا، ان میں پہلی پوزیشن سیدنذیر شاہ کی تحریر نے حاصل کی، جسے موضوع، اسلوب، دلائل اور قومی جذبے کے اعتبار سے سب سے بہترین قرار دیا گیا۔

دوسری پوزیشن ظفر اقبال ظفر کی تحریر نے حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے دو تحریریں مشترکہ طور پر منتخب کی گئیں، جن میں مدثراشفاق رتو کی تحریر اور نصیب شاہ شنواری کی تحریر شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق کامیاب قرار پانے والے تمام شرکاء کو کیو این این ورلڈ کی جانب سے خصوصی سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے قلمکاروں کو خصوصی اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔

کیو این این ورلڈ انتظامیہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی نوجوان قلمکار قومی موضوعات پر اپنی تخلیقی اور معیاری تحریروں کے ذریعے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے