ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام “ہم ہیں بنیان المرصوص” اور معرکۂ حق کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے کی۔
ریلی میں سکھ برادری، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، وکلاء، تاجر برادری، ضلعی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ننکانہ صاحب کی فضا پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کسی بھی ملک کے داخلی و خارجی تعلقات اس کی قومی طاقت، عسکری صلاحیت اور قومی یکجہتی کے عکاس ہوتے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کو فروغ دیا ہے جبکہ حالیہ کشیدہ صورتحال میں حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں افواجِ پاکستان نے جرات، حکمت عملی اور دفاعی تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر ذمہ داری، تحمل اور قومی مفاد کو مقدم رکھا اور پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں اور وہ ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام “ہم ہیں بنیان المرصوص” کے عنوان سے خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں میوزیکل کنسرٹ، میجک شو، موٹرسائیکل ریلیاں اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، جبکہ سکولوں میں بھی معرکۂ حق کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ان تقریبات کا مقصد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی حکومت، افواج اور قومی اداروں کے ساتھ متحد کھڑی ہے جبکہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ قومی اتحاد ہی ہر چیلنج سے نمٹنے کی اصل قوت ہے۔