گوجرہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبدالحمن جٹ) پاکستان بھر کی طرح ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے پر قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کی مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ٹوبہ میڈم راحیلہ جمیل تھیں۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری چوہدری شاہد خوشنود، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری میل سردار جاوید اقبال نقاش، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری عابد حنیف، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل ٹوبہ محمد عتیق انجم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس سی ای او ایجوکیشن محمد شریف احرار، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
طلبہ نے اس موقع پر ملی نغمے، تقاریر اور حب الوطنی سے بھرپور پروگرام پیش کر کے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں افواجِ پاکستان کے حق میں ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈم راحیلہ جمیل نے کہا کہ “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص” قومی تاریخ کے قابلِ فخر ابواب ہیں، جن میں پاک افواج نے وطن کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ وطن سے محبت، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی ترقی و دفاع کے لیے ہر شہری کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان آپریشنز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور وطن عزیز کے تحفظ و استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔