رینالہ خورد (نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رینالہ خورد کے علاقے 4 جی ڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور غیر معیاری جوس تیار کرنے والے یونٹ کو پکڑ لیا، سینکڑوں لیٹر غیر معیاری جوس، پیکنگ میٹریل اور دیگر سامان برآمد کر کے یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ ایک شخص کو موقع سے گرفتار بھی کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 180 لیٹر غیر معیاری جوس، 25 کلو پیکنگ میٹریل، خالی بوتلیں اور جعلی لیبلنگ کا سامان قبضے میں لے لیا۔
حکام کے مطابق مذکورہ یونٹ میں جوس کی بوتلوں پر جعلی لیبل چسپاں کیے جا رہے تھے جبکہ پیکنگ پر غلط اور فرضی پتے درج کیے گئے تھے، جو صارفین کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
کارروائی کے دوران ایک شخص کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوچک میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی متعلقہ پروڈکشن یونٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ برآمد شدہ جوس کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے اور جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی جاری رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔