میہڑ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ ) میہڑ سے 20 روز قبل لاپتہ ہونے والی کمسن بچی اجالا پروین سولنگی کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا، جس پر اہل خانہ اور برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اس سلسلے میں سولنگی قومی موومنٹ کے چیئرمین سردار اسرار احمد خان سولنگی، مرکزی رہنما سردار ہشمت خان سولنگی، وکیل تاسین ہارس سولنگی، ضلع سانگھڑ کے صدر علی حسن سولنگی اور ضلع نواب شاہ کے صدر رفیق احمد سولنگی سمیت دیگر رہنما میہڑ پہنچے اور بچی کے والد شمس الدین سولنگی سے ملاقات کی۔
رہنماؤں نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سردار اسرار احمد خان سولنگی نے کہا کہ پوری سولنگی برادری شمس الدین سولنگی کے ساتھ کھڑی ہے اور بچی کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دادو پولیس اس کیس کی تفتیش کر رہی ہے اور امید ہے کہ جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ننھی اجالا پروین جلد اپنے والدین سے مل جائے گی۔