اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان نے اپنے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ’’ای او تھری‘‘ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا، جسے ملک کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کے خودانحصاری کے سفر اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے جدید اور معیاری تصویری ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے مختلف قومی شعبوں میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان کے مطابق ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیابی ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گی، جو ملک میں ترقیاتی منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر استعمال میں معاون ثابت ہوگا۔ یہ سیٹلائٹ پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب سپارکو نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای او تھری سیٹلائٹ مختلف قومی ترجیحات کے شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا اور جدید خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ملک کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔ انہوں نے خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے مسلسل تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔