وارنر اور ہینڈرکس کی دھواں دار بیٹنگ، کراچی کنگز نے ہدف بآسانی حاصل کر لیا

لاہور (کیو این این ورلڈ) کراچی کنگز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں کراچی کنگز نے 196 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا۔

میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب اوپنرز شامل حسین اور خواجہ نافع پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد رائیلی روسو اور کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 148 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو سنبھالا دیا۔ رائیلی روسو نے 90 جبکہ سعود شکیل نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ بعد ازاں دنیش چندیمل نے 30 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 195 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ دیگر کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔

کراچی کنگز کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حسن علی نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدا ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ ڈیوڈ وارنر نے 89 اور ریزا ہینڈرکس نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو باآسانی فتح دلا دی۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے ایک اور میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم کو آخری گیند تک لڑنے کا پیغام دیا گیا ہے، جبکہ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے