لاہور (کیو این این ورلڈ) صدر مملکت آصف علی زرداری پانچ روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے، یہ دورہ چینی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے جسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر مملکت کو الوداع کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اپنے دورۂ چین کے دوران 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہنان کے دارالحکومت چانگ شا جبکہ 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ مختلف اعلیٰ سطحی مصروفیات میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران صدر مملکت اپنے چینی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، تجارتی روابط، اقتصادی تعاون اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت جاری منصوبوں اور مستقبل کے اشتراک کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں جیوپولیٹیکل تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، لہٰذا پاکستان اور چین کے درمیان قریبی رابطہ کاری انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان ’’آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور باہمی تعلقات ایک نئی جہت اختیار کریں گے۔