ان شاء اللہ‘ کہنے پر ہالی ووڈ اداکارہ کو قرآنِ مجید کا تحفہ

لندن (کیو این این ورلڈ)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ Anne Hathaway ایک بار پھر اس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب لندن میں ایک تقریب کے دوران ایک مداح نے انہیں قرآنِ مجید بطور تحفہ پیش کیا، جسے اداکارہ نے خوشگوار حیرت اور مسکراہٹ کے ساتھ قبول کیا۔

تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران اداکارہ مداحوں کو آٹوگراف دے رہی تھیں کہ اسی دوران ایک مداح آگے بڑھا اور انہیں قرآنِ پاک پیش کیا۔ مداح نے بتایا کہ انہوں نے اداکارہ کو ایک انٹرویو میں ’ان شاء اللہ‘ کہتے سنا تھا، جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر کبھی ملاقات ہوئی تو وہ یہ مقدس کتاب بطور تحفہ ضرور دیں گے۔

اداکارہ نے نہ صرف اس تحفے کو خندہ پیشانی سے قبول کیا بلکہ مداح کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں Anne Hathaway کی ایک ویڈیو بھی عالمی سطح پر مقبول ہوئی تھی، جس میں انہوں نے مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ’ان شاء اللہ‘ کا جملہ استعمال کیا تھا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ انسان کو بڑھتی عمر سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ زندگی کے ہر مرحلے کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے، اور وہ خود ’ان شاء اللہ‘ ایک طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

Anne Hathaway اپنے کیریئر میں The Princess Diaries، The Devil Wears Prada اور Les Misérables جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور انہیں آسکر ایوارڈ سمیت کئی بڑے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ اس حالیہ واقعے کے بعد ایک بار پھر وہ مداحوں کی توجہ اور محبت کا مرکز بن گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے