سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید احتشام مظہر کی قیادت میں ایک معزز وفد نے سنٹرل ریسکیو 1122 اسٹیشن کچہری روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی اور آپریشنل صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔
وفد میں نائب صدر سلمان شیخ، چیئرمین ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے انڈسٹریل سیفٹی، رسک مینجمنٹ اینڈ ریسکیو 1122 جواد خالد، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عامر محمود، کمیٹی ممبران اعجاز غوری اور خیام شیخ کے علاوہ نمائندہ سول سوسائٹی اشفاق نذر بھی شامل تھے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے وفد کا استقبال کیا، جبکہ ریسکیورز کے چاق و چوبند دستے نے صدر چیمبر کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں وفد کو ریسکیو اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کروایا گیا، جس کے دوران انہیں ریسکیو آپریشنز میں استعمال ہونے والے جدید آلات اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفد نے فائر وہیکلز، ایمبولینسز، واٹر ایمرجنسی یونٹس اور فلڈ ریسپانس اسٹورز کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر صدر چیمبر سید احتشام مظہر نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بے مثال ادارہ ہے جو نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کو بچاتا ہے بلکہ املاک کے تحفظ کو بھی یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اس ادارے پر فخر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سیالکوٹ چیمبر اور بزنس کمیونٹی ریسکیو 1122 کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار ہے اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کے تحت ادارہ عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو 1122 اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ صنعتی و شہری سطح پر ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنایا جا سکے اور صنعتوں کو محفوظ بنانے میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جا سکے۔