اوچ شریف:گھریلو ناچاقی سے دل برداشتہ ہو کر ایک نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا

اوچ شریف(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے حسینی چوک کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر ایک نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کر لیا، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق طارق ولد خادم حسین قوم کمل کی لاش اس کے گھر کے ایک کمرے سے پھندہ لگی حالت میں برآمد ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق متوفی نے چند روز قبل اپنی اہلیہ کو طلاق دی تھی، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ اور تنہائی کا شکار تھا۔ اہل محلہ اور قریبی افراد کا کہنا ہے کہ طارق گزشتہ چند دنوں سے غیر معمولی طور پر خاموش اور پریشان دکھائی دے رہا تھا۔

پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے