اوکاڑہ:رواں سال کی دوسری چار روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو انسدادی قطرے پلا کر رواں سال کی دوسری چار روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اہم مہم کی نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی پولیو کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ضلع بھر میں جاری سرگرمیوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق یہ مہم 13 اپریل سے 16 اپریل 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 6 لاکھ 55 ہزار 938 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے مجموعی طور پر 956 ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہوں گی، جن میں 1262 موبائل ٹیمیں، 123 فکسڈ ٹیمیں اور 68 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

پولیو ورکرز اپنی ذمہ داریاں مراکزِ صحت، گھروں، ریلوے اسٹیشنز، لاری اڈوں اور ویگن اسٹینڈز پر سرانجام دیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ قطروں سے محروم نہ رہے۔ مہم کے دوران خانہ بدوش بستیوں اور دور دراز کی یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ مسنگ چلڈرن (رہ جانے والے بچوں) کو اسی روز کور کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس بار ‘زیرو ڈوز’ بچوں (جنہیں پہلے کبھی قطرے نہیں پلائے گئے) کی نشاندہی اور ویکسینیشن پر بھی خاص فوکس رکھا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ قومی مفاد میں ہے اور اس مقصد کے لیے ہر بچے کا ویکسی نیٹ ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو معذوری سے بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے