اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے ایل پی جی گیس کی اوور چارجنگ کے خلاف ضلع بھر میں بھرپور کارروائیاں کیں۔ مختلف مقامات پر متعدد ایل پی جی شاپس کی چیکنگ کے دوران مہنگے داموں گیس فروخت کرنے والی چار دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران دکان مالکان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی آڑ میں عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔
جاوید اختر کھچی نے مزید کہا کہ ایل پی جی شاپس کے مالکان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر گیس کی فروخت یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اوور چارجنگ کی شکایت فوری طور پر انتظامیہ کو دیں تاکہ منافع خور مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔