سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) عیسائی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ کی جانب سے ضلع بھر میں خصوصی ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ گرجا گھروں کے قریب میڈیکل کور اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیالکوٹ کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کے اہلکار اپنی متعلقہ ریسکیو پوسٹوں پر ہائی الرٹ ہیں، جبکہ گرجا گھروں اور اہم عوامی مقامات کے قریب ایمرجنسی کور فراہم کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی ناگہانی واقعے کی صورت میں فوری رسپانس کے لیے اضافی اسٹاف اور بیک اپ ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
ریسکیو کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال اور ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جو ضلع بھر کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خود تمام انتظامات اور ایسٹر کے پروگرامز کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عیسائی برادری کے تحفظ اور انہیں بروقت ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔