ستھرا پنجاب ویژن: ڈیرہ غازی خان میں صفائی مہم تیز، افسران کے فیلڈ دورے

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب” ویژن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے شہر بھر میں صفائی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ریجنل منیجر منصور ناگرہ، ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، ڈسٹرکٹ منیجر ڈی ڈبلیو ایم سی توفیق عادل اور تحصیل منیجر واصف خان نے شہر کے مختلف مقامات اور مضافاتی علاقوں کا تفصیلی دورہ کر کے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران افسران نے ویسٹ کولیکشن سسٹم اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ اور ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے صفائی کے نظام کو پہلے سے زیادہ متحرک بنا دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد نے بھی اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ صفائی کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ‘زیرو ویسٹ’ کے ہدف کے حصول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔ انتظامیہ کی ان کاوشوں کے نتیجے میں شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آ رہی ہے، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے