دادو:وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے غریب دشمنی کی انتہا کر دی ہے۔ عبدالحمید سومرو

میہڑ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار منظور علی جوئیہ) سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) ضلع دادو کے صدر عبدالحمید سومرو نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے غریب دشمنی کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ قیمتوں میں یہ اضافہ محنت کشوں، مزدوروں اور لوئر کلاس طبقے پر ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک بھر بالخصوص سندھ میں لوگ بھوک سے نڈھال ہیں جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مگن ہے۔

ایس ٹی پی رہنما نے انکشاف کیا کہ ملک کو منتخب نمائندوں کے بجائے بااثر صنعتکار اور بڑے بیوپاری چلا رہے ہیں جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے حکومت سے فیصلے کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے پہلے ہی یہ مافیا اشیاء کا اسٹاک کر لیتا ہے اور پھر دگنی قیمتوں پر فروخت کر کے عوام کا خون چوستا ہے۔ ملک میں پٹرول کی کوئی حقیقی شارٹیج نہیں ہے بلکہ حکمران مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں جو سراسر ظلم اور بربریت ہے۔

عبدالحمید سومرو نے سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک زرعی خطہ ہے لیکن یہاں کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ 2010 سے 2022 تک سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بار بار سیلاب لاکر لوگوں کو سڑکوں پر لایا گیا، جس سے آبادگار اور کسان بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سندھ کے سات کروڑ عوام کے ساتھ ہونے والے اس سلوک کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

ضلعی صدر نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس سندھ اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور اسے واپس کروانے میں عوام کا ساتھ دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں اور عوام پر اتنا ظلم نہ کریں کہ کروڑوں انسان سڑکوں پر نکل آئیں اور ملک میں ایک بڑا انقلاب برپا ہو جائے جس کی ذمہ داری حکمرانوں پر ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے