اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران نے ضلع بھر میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے مراکز کے ہنگامی دورے کیے، جس کا مقصد امتحانی عمل کو شفاف بنانا اور امیدواروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تعلیمی افسران نے مختلف سینٹرز میں امتحانی عمل کی خود نگرانی کی اور وہاں نافذ دفعہ 144 کی جانچ پڑتال سمیت امیدواروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا بوٹی مافیا کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز کے گردونواح میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے نگران عمل کی حاضری اور کارکردگی کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ امتحانی شفافیت پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں طلبہ کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، آرام دہ نشستوں اور مناسب روشنی کا انتظام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام اقدامات اور کڑی نگرانی کا واحد مقصد میرٹ کی بالادستی کو قائم رکھنا ہے، انہوں نے والدین اور اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک شفاف تعلیمی نظام کی بنیاد رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔