ننکانہ : ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جدید چلڈرن وارڈ کا افتتاح

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نو تعمیر شدہ اور خوبصورت بچہ وارڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد ہسپتال میں بچوں کے لیے علاج معالجے کی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بچہ وارڈ کی تزئین و آرائش کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جس پر مجموعی طور پر ایک ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سفیان دلاور، اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت اور ایم ایس ڈاکٹر افتخار محی الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی دیواروں پر دیدہ زیب پینٹنگز بنانے والے فنکار کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے اعزازی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مریض بچوں کی نئی وارڈز میں شفٹنگ کو فی الفور یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بہتر ماحول میسر آ سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ‘صحت مند پنجاب’ ویژن کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لیے وارڈز کو بچوں کے لیے پرکشش اور خوبصورت بنایا گیا ہے تاکہ وہ خوشگوار ماحول میں جلد صحت یاب ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہسپتالوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے