ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) ضلع ننکانہ صاحب میں 13 اپریل سے 16 اپریل 2026 تک چار روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے دوران ضلع بھر کے 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 1198 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ مہم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں زیادہ تر غیر سرکاری رضاکاروں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری محکموں بالخصوص محکمہ تعلیم کے ملازمین کی شمولیت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو قطروں کے ساتھ ساتھ قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن اے کے کیپسول بھی دیے جائیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس نئی حکمت عملی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ سابق سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کے دور میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی شمولیت کی وجہ سے ننکانہ صاحب نے پنجاب بھر میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ سرکاری ملازمین کی جوابدہی اور تجربہ مہم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ پولیو جیسے حساس قومی مشن کی سو فیصد تکمیل کے لیے اساتذہ اور دیگر محکموں کے ملازمین کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ ضلع کو پولیو سے پاک کرنے کا ہدف شفافیت کے ساتھ حاصل کیا جا سکے۔