فیفا ورلڈ کپ 2026: سیالکوٹ نے "میڈ اِن پاکستان" کا پرچم بلند کر دیا

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو کی رپورٹ):پاکستان کے شہر سیالکوٹ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی مہارت اور معیار کا لوہا منواتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میچ بال "ٹریونڈا” کی تیاری کا کنٹریکٹ حاصل کر لیا۔ عالمی برانڈ اڈیڈاس کے ڈیزائن کردہ یہ بال مکمل طور پر فارورڈ اسپورٹس، سیالکوٹ میں تیار کیا جا رہا ہے۔

یہ میچ بال تین میزبان ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی یکجہتی کی علامت ہے، جس میں جدید 20 پینل ڈیزائن، ایروڈائنامک ساخت، پائیدار مواد اور جدید ٹیکنالوجی شامل ہے۔ بال میں کنیکٹڈ فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں جو وی اے آر سسٹم کے لیے زیادہ درستگی فراہم کریں گے۔

فارورڈ اسپورٹس نے نہ صرف فیفا ورلڈ کپ 2026 بلکہ فیفا کلب ورلڈ کپ 2026 کے بالز تیار کرنے کا کنٹریکٹ بھی حاصل کر لیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے سعودی عرب میں جوائنٹ وینچر کے ذریعے آپریشنز شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو مستقبل کے عالمی مقابلوں کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سیالکوٹ دنیا میں فٹبال سازی کا اہم مرکز ہے اور یہاں تیار ہونے والی ہائی کوالٹی فٹبالز عالمی مارکیٹ کا تقریباً 70 فیصد حصہ ہیں۔ فارورڈ اسپورٹس اس سے قبل 2014، 2018 اور 2022 کے فیفا ورلڈ کپس کے لیے بھی فٹبالز تیار کر چکی ہے۔

اس کامیابی کے موقع پر سیالکوٹ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اڈیڈاس اور فارورڈ اسپورٹس کی ٹیموں نے اس سنگ میل پر اطمینان اور فخر کا اظہار کیا۔

یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی صنعتی صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ اس سے برآمدات میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور “میڈ اِن پاکستان” کی عالمی پہچان مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے