کوٹ چھٹہ: فوج یا ملک کے خلاف بات کرنے والوں کو غدار قرار دیا جائے، جے یو آئی

ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ)کوٹ چھٹہ میں جمعیت علمائے اسلام تحصیل کی مجلسِ عمومی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیمی و ملکی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام پنجاب کے نائب امیر مولانا قاری جمال عبدالناصر، ضلعی امیر پروفیسر عبدالعزیز بلوچ، مولانا شاہد ندیم، الحاج عبدالمجید دیوانی اور تحصیل امیر بشیر خان دیوانی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو بھی مذہبی یا سیاسی جماعت افواجِ پاکستان یا ملک کے خلاف بات کرے، اسے غداری کے زمرے میں شمار کیا جانا چاہیے، اور ایسے عناصر کے خلاف کھڑے ہونا ہر محبِ وطن شہری خصوصاً کارکنان کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی وفاداری میں ہر قسم کی قربانی دینا باعثِ عزت و فخر ہے۔

اجلاس میں عالمی حالات پر بھی گفتگو کی گئی اور کہا گیا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں اسرائیل، بھارت اور امریکہ کی پالیسیوں کے مقابلے کے لیے پاکستان کو ایران اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ اتحاد قائم کرنا چاہیے تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان میں افواج یا ریاستی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں عبادت گاہوں کے تہہ خانوں میں اسلحہ رکھنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بھرپور آپریشن کے ذریعے صوبے کو اسلحہ و بارود سے پاک کیا جائے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مذہب اور سیاست کے نام پر وطنِ عزیز پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف کوئی بھی منفی پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر اکرم خان لودھی، ملک فاروق اعظم ڈھانڈلا، غلام حیدر چنگوانی، مولانا عابدالرحمن کھوسہ، محمد حسین مدنی، عبداللہ فیض، غلام محمد صدیق، عبدالرحمن خالد، عبدالرؤف احمد، محمد الیاس قریشی، منظور حسین قریشی، حاجی کور خان، فدا اکبر وڈانی، احسان احمد، حاجی سلیم، رئیس احمد، محمود احمد، محمد سلیم، محمد شفقت اللہ، محمد احمد، قاری سمیع اللہ سمیت کثیر تعداد میں مجلسِ عمومی کے ارکان نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے