لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان سپر لیگ 11 کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈی ز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈی ز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ راولپنڈی ز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
اننگز کے آغاز میں محمد رضوان اور یاسر خان نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ یاسر خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں کامران غلام 37، ڈیرل مچل 23 اور سیم بلنگز 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ محمد حارث 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم نے 39 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ مائیکل بریسویل نے 35 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، جبکہ عبدالصمد نے صرف 11 گیندوں پر 33 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر فتح یقینی بنائی۔
میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم آخر میں پشاور زلمی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کامیابی اپنے نام کر لی۔