پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہو رہا ہے

لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے جس کے ساتھ ہی کرکٹ شائقین کی طویل انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں۔ ملک بھر میں شائقین اپنے پسندیدہ ایونٹ کے آغاز پر خاصے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم حیدرآباد کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا، جس کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ لاہور قلندرز اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ نئی ٹیم حیدرآباد کنگز ایونٹ میں شاندار آغاز کی خواہاں ہے۔

پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر مختلف شہروں میں میچز شیڈول کیے گئے ہیں، تاہم سکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث اس بار ایونٹ کو محدود پیمانے پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ہے اور تمام میچز کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کرکٹ کے شائقین اس بڑے ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں، تاہم اس بار وہ اسٹیڈیم جا کر میچز سے لطف اندوز نہیں ہو سکیں گے۔ حکومتی فیصلے کے تحت خطے میں جاری کشیدگی اور توانائی بحران کے پیش نظر گراؤنڈ میں شائقین کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے باعث تمام میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 11 کے میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم "مائیکو” کے ذریعے بھی شائقین لائیو اسٹریمنگ سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ میچز کی لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹس سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی دستیاب ہوں گی۔

ماہرین کرکٹ کے مطابق اس سیزن میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا بہترین موقع ہوگا، جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت ایونٹ کے معیار کو مزید بلند کرے گی۔ شائقین کو توقع ہے کہ پی ایس ایل 11 سنسنی خیز مقابلوں اور یادگار لمحات سے بھرپور ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے