اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): یومِ پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ ایلیٹ اور پیرا فورس کے جوانوں نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایم پی اے میاں محمد منیر اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا جبکہ قومی ترانے کی دھن پر شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ پاکستان وطن عزیز سے تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں اور ملک کی ترقی و سربلندی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں متحد ہو کر وطن عزیز کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔