اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک کلو سے زائد آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بغداد شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو 43 جی ڈی کے گردونواح میں منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔ سرچ آپریشن کے دوران ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی آئس برآمد ہوئی، جسے تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔