لاہور (کیو این این ورلڈ)لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ مریم نواز اور نواز شریف کے خلاف جاری انویسٹی گیشن کو باقاعدہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کرپشن کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے پہلے ہی ان تحقیقات کو بند کرنے کی منظوری دے دی تھی، تاہم قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا گیا۔

درخواست میں مزید بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو ہدایت کی تھی کہ تحقیقات کی بندش کے لیے احتساب عدالت سے حتمی منظوری لی جائے۔ عدالت نے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد نیب کی استدعا منظور کر لی اور کیس کو مستقل طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے