اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری رمضان ریلیف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم، رمضان بازاروں کی صورتحال اور نگہبان رمضان دسترخوانوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان دسترخوانوں پر مستحق افراد کو معیاری کھانا باعزت طریقے سے فراہم کرنے کے تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
سلمیٰ بٹ نے تاکید کی کہ نگہبان رمضان پیکج کی حقداروں تک رسائی کو شفاف اور بروقت بنایا جائے۔ انہوں نے اشیاء کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس انسپکشن کے دوران شہریوں کے ساتھ اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر پیش آیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیرا فورس میں رشوت ستانی یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی پر سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے انتظامیہ کو دو ٹوک پیغام دیا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو مصنوعی مہنگائی سے بچایا جا سکے اور حکومتی ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔