رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد شہر اور گردونواح میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پٹرول پمپس مالکان نے پیمانوں میں بھی ردو بدل شروع کر دیا ہے، جس کے باعث عوام دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ ماضی میں بھی انتظامیہ کی جانب سے پیمانے چیک کر کے متعدد پمپ مالکان کو بھاری جرمانے کیے جا چکے ہیں، مگر اب ایک بار پھر یہ سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ جنگ کے اثرات کے باعث پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر تک کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس نے پہلے ہی عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ اس صورتحال میں رہی سہی کسر پٹرول پمپس مالکان نے پیمانوں میں ہیرا پھیری کر کے نکال دی ہے، جس سے عام آدمی کی جیب پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں عوام اس وقت مہنگا ترین پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پمپ مالکان زیادہ منافع کے لالچ میں پیمانے کم کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب عوام پہلے ہی اتنے مہنگے داموں ایندھن خرید رہے ہیں، تو ان کے ساتھ ناپ تول میں یہ ہیرا پھیری کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
رینالہ خورد کے متاثرہ عوام نے مقامی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرول پمپس کے پیمانوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو پمپ مالکان ناپ تول میں کمی کر کے عوام کا استحصال کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں۔