اوکاڑہ: پنجاب کالج کے سامنے نازیبا ویڈیو بنانے والے ٹک ٹاکر کا سی سی ڈی نے سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا
ٹک ٹاک پر سستی شہرت کا بھوت سی سی ڈی پولیس نے اتار دیا، تعلیمی ادارے کے سامنے نازیبا حرکت مہنگی پڑ گئی۔
اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) پنجاب کالج کے سامنے کھڑے ہو کر نازیبا اور قابلِ اعتراض ویڈیو بنانے والا ٹک ٹاکر غلام صابر سی سی ڈی پولیس کی گرفت میں آ گیا۔ پولیس نے عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم غلام صابر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے لیے تعلیمی ادارے کے سامنے نازیبا حرکات پر مبنی ویڈیو ریکارڈ کر رہا تھا، جس سے وہاں موجود طلبہ اور شہریوں میں سخت اشتعال پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی سی ڈی پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی اور انٹرنیٹ پر قابلِ اعتراض مواد پھیلانے کی دفعات کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ کسی کو بھی عوامی مقامات، بالخصوص تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہری حلقوں نے پولیس کی اس بروقت اور موثر کارروائی کو بھرپور سراہا ہے۔ عوامی سماجی تنظیموں اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر سستی شہرت کے لیے غیر اخلاقی اور فحش مواد بنانے والوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے ان منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔