اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ملک کے دفاع اور استحکام کے ضامن پاک افواج کے ساتھ والہانہ محبت اور یکجہتی کے اظہار کے لیے اوکاڑہ میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور رکنِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر کی مشترکہ قیادت میں نکالی گئی، جس میں ضلعی انتظامیہ، سیاسی قیادت اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، مسلم لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ ڈی سی آفس سے شروع ہونے والی یہ ریلی ٹینک چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور پاک افواج کی حمایت میں تحریر کردہ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ پوری ریلی کے دوران "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ شہریوں کے جوش و خروش نے پاک فوج کے ساتھ عوام کے گہرے رشتے کی عکاسی کی۔
اس موقع پر مقررین اور شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع، استحکام اور بقا کا اصل ستون ہیں اور پوری قوم ان کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں۔