سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) تھانہ سمبڑیال کے علاقے محلہ دارالسلام چوک ابوبکر صدیق میں چار افراد نے ایک خاتون کو سرِ بازار بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان نے سرِ عام خاتون کی تذلیل کی اور ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔
تفصیلات کے مطابق انعم شہزادی نامی خاتون کو گھریلو رنجش کی بنا پر فائق علی، لائق علی اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں نے راستے میں روک لیا اور تلخ کلامی کے بعد ان پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور سرِ راہ ان کے کپڑے پھاڑ کر ان کی حرمت پامال کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سمبڑیال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان فائق علی، لائق علی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون پر سرِ عام تشدد اور تذلیل ناقابلِ برداشت ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔