بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران عید الفطر کے لیے تیار کی گئی زائدالمیعاد (ایکسپائرڈ) کولڈ ڈرنکس کی بھاری کھیپ پکڑ لی ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق پل فاروق آباد میں ایک کریانہ سٹور پر چھاپہ مار کر 6 ہزار لیٹر سے زائد ایکسپائرڈ ڈرنکس برآمد کر کے تلف کر دی گئی ہیں۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر سٹور مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ہزاروں لیٹر زائدالمیعاد مشروبات عید کے موقع پر سستے داموں مارکیٹ میں فروخت کے لیے سپلائی کیے جانے تھے، جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی بھی اشیاء خریدتے وقت لیبل اور ایکسپائری ڈیٹ لازمی چیک کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا اور ملاوٹ خوروں یا زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے