کراچی (کیو این این ورلڈ) سٹیٹ بینک آف پاکستان پیر کے روز اپنی نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا جس پر معاشی حلقوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ مانیٹری پالیسی سروے رپورٹ کے مطابق 60 فیصد شرکاء کا خیال ہے کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر شرح سود کو برقرار رکھا جائے گا، جبکہ 24 فیصد شرکاء نے رائے دی ہے کہ مانیٹری پالیسی میں اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سروے رپورٹ میں 10 فیصد ماہرین نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ حکومت سٹیٹ بینک کے ذریعے شرح سود میں کمی کر کے کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں شرح سود اس وقت 10.5 فیصد کی سطح پر موجود ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک کا یہ فیصلہ مہنگائی کی شرح اور عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا، جو آنے والے مہینوں میں ملک کی معاشی سمت کا تعین کرے گا۔