اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وومن شیلٹر ہوم (دارالامان) اوکاڑہ کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کر کے خواتین کے حقوق اور معاشرتی تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی ضلعی صدر مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ تھیں، جبکہ مہمانانِ اعزاز میں جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار طارق نسیم منگن ایڈووکیٹ، رخشندہ تصور شیخ ایڈووکیٹ اور صدر ‘ماڈا’ محمد مظہر رشید چودھری شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق انچارج دارالامان روبینہ شہزادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات سے شیلٹر ہوم میں مقیم خواتین کے حوصلے اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ مہمانِ خصوصی صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ دینِ اسلام نے خواتین کو جو عزت اور وقار عطا کیا ہے وہ بے مثال ہے، اور معاشرے کی حقیقی ترقی خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ممکن نہیں۔
تقریب کے دوران جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار طارق نسیم منگن ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ بار ایسوسی ایشن دارالامان کی مستحق خواتین کو ہر ممکن قانونی اور سماجی معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے خواتین کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔