اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) تھانہ شیر گڑھ کے علاقے امباں والی پلی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چار مسلح ڈاکوؤں نے 32 ون اے ایل کے قریب ایک شہری توقیر سے موٹر سائیکل اور نقدی چھینی تھی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او جہانزیب حاکم اور پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب کیا۔

پولیس کے مطابق امباں والی پلی کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گئے جنہیں پولیس نے فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت لڈی اور عاشق کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ ملزمان اقدامِ قتل، ڈکیتی اور سرقہ سمیت 45 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ فرار ہونے والے دیگر دو ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے