ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیر صدارت پٹرول پمپس اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ بین الاقوامی حالات اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر مختلف حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے پٹرول پمپس مالکان کو سخت ہدایت کی کہ بلاوجہ پٹرول کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سپلائی چین پر خصوصی نظر رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران پٹرول پمپس کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں پمپ سربمہر کر کے لائسنس کینسل کر دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی حالات ہیں، ملک اور شہریوں کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ بین الاضلاع سفر کرنے والے مسافروں کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ان کے بارے میں فوری اطلاع دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز مقررہ کرایوں سے ہرگز زائد کرایہ وصول نہیں کریں گے اور عید کے موقع پر مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسوں میں سواریوں کی اوورلوڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ ہوٹل مالکان رہائش اور شہری مکان یا دکان جس شخص کو بھی کرائے پر دیں اس کا اندراج سمارٹ آئی سسٹم کے ذریعے ایپ پر کریں جبکہ مسافروں کا ڈیٹا ٹریول آئی ایپ پر درج کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بین الاضلاع سفر کرنے والی سواریوں کو بس اڈے سے ہی بٹھایا اور اتارا جائے اور کسی کو راستے میں نہ اتارا جائے۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کے تمام ملازمین کی فہرستیں متعلقہ تھانے کو فراہم کی جائیں اور اسٹینڈز کے کیمروں کو سیف سٹی کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے