تہران (کیو این این ورلڈ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر جتنا سخت دباؤ ڈالا جائے گا، اس کا ردعمل بھی اتنا ہی بھرپور اور سخت ہوگا۔ اپنے ایک تازہ بیان میں ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی قسم کی دھونس، دھمکی، ناانصافی اور جارحیت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گا بلکہ دشمن کے خوابوں کو ڈراؤنا بنا دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران خطے کی تمام ریاستوں کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے، تاہم یہ خواہش امریکہ کے خلاف ایران کے حقِ دفاع کی نفی نہیں کرتی۔ انہوں نے گزشتہ روز کے اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے دوست ہمسایہ ممالک کی سرحدوں کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ صرف ان امریکی فوجی اڈوں، تنصیبات اور سہولیات پر حملے کیے ہیں جو ایران کے خلاف استعمال ہو رہی تھیں۔

ایرانی صدر نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امریکی مداخلت اور جارحانہ اقدامات کا جواب دینا ایران کا قانونی اور دفاعی حق ہے، جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی حکمتِ عملی واضح ہے کہ وہ پہل نہیں کرے گا لیکن اگر اسے نشانہ بنایا گیا تو دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

عالمی مبصرین صدر پزشکیان کے اس بیان کو ایران کی جانب سے خطے میں امریکی اثر و رسوخ کے خلاف ایک واضح اور سخت موقف قرار دے رہے ہیں۔ ایران نے ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ وہ اپنی خودداری پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر علاقائی استحکام کے لیے کوشاں ہے، مگر بیرونی دباؤ کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے