ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شاہکوٹ اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد کاروبار بند کر دیے ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک سموسہ رول پٹی یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ ناقص انتظامات پر کیچپ یونٹ کو بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 150 کلو سے زائد فنگس زدہ اور زائد المیعاد (ایکسپائر) اشیاء برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیں۔ سیل کیے گئے سموسہ پٹی یونٹ میں گندے ٹیبلز اور زنگ آلود مشینوں کے ذریعے تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ وہاں کام کرنے والے فوڈ ہینڈلرز کی ٹریننگ اور میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہ تھے۔ اسی طرح کیچپ یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور فنگس زدہ اشیاء پائی گئیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق معائنے کے دوران مختلف فوڈ یونٹس میں خوردنی اشیاء زمین پر رکھنے اور دیگر فنی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ رمضان المبارک کے پیشِ نظر ضلع بھر میں اشیاء خورونوش کی چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں تین شفٹوں میں فوڈ پوائنٹس کی نگرانی کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور مضرِ صحت و ناقص اجزاء استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔