کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیراحمد بلوچ کی رپورٹ) شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں میں 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ گلشنِ معمار میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں پولیس مقابلے کے دوران حفیظ نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ اسی طرح فیڈرل بی ایریا کے علاقے جوہر آباد میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد نوید اور عبداللہ نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ایس ایس پی سینٹرل عمران خان کے مطابق ایف بی ایریا بلاک 5 میں ایک اور مقابلے کے دوران بلال نامی ملزم کو زخمی حالت میں دھر لیا گیا، تاہم اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب شہر میں جاری ڈاکو راج نے ایک اور شہری کی زندگی چھین لی ہے۔ گلشنِ معمار، ناردرن بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار میاں بخش اور شوکت کو تین ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی، تاہم موٹر سائیکل نہ روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ گولی 30 سالہ میاں بخش کی کمر سے پار ہو کر موٹر سائیکل چلانے والے 36 سالہ شوکت کو لگی، جس کے نتیجے میں میاں بخش جاں بحق اور شوکت زخمی ہو گیا۔

ایس ایچ او گلشن معمار روشن کرار کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے