راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی کے طور پر کام کرنے والے 15 دہشت گردوں (خوارج) کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پہلا آپریشن بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر بھرپور کارروائی کی۔ اس مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 12 خوارج ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فورسز نے دہشت گردوں کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا۔

دوسری کارروائی ضلع بسیما میں عمل میں لائی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر فیصلہ کن آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے اور وہ ملک میں تخریب کاری کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے بیرونی سرپرستی میں پلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کارروائیوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار کا سراغ لگایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے